بھٹکل 30/جون (ایس او نیوز) پڑوسی تعلقہ ہوناور کے قصبہ سرلگی میں جمعرات کو ایک نئی مسجد 'مسجد صحابہ ' کا شاندار افتتاح عمل میں آیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پرتشریف فرما علماء کرام نے علاقہ کے مسلمانوں پر زور دیا کہ اب مسجد کو نمازیوں سے آباد رکھنے کی طرف پوری توجہ دیں اور اللہ کے گھر میں صرف اللہ کی عبادت کریں۔
مسجد کے متولی جناب حیدرخان اکبر خان نے مسجد کا تالہ کھول کر مسجد کا افتتاح کیا جس کے بعد مسجد میں ہی افتتاحی پروگرام منعقد کیا گیا جس کا آغازسمسی جماعت کے خطیب مولانا محمد سالم ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ماریہ مظفر شیخ نے حمد اور مولانا اکرام صاحب نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا، پروگرام کے درمیان میں رافع محمد شریف منکی نے بھی اپنی سُریلی آواز میں نعت پاک پیش کی۔ سرلگی کے قاضی مولانا سراج ندوی نے مہمانان نیز حاضرین کا استقبال کرتے ہوئے پروگرام کی نظامت بھی سنبھالی۔ اتحاد المسلمین سرلگی کے صدر مظفر یوسف شیخ نے مسجد کی کارگذاری رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر مسجد کے لئے زمین عطیہ کرنے پرجناب اقبال ننھے صاحب کی شال پوشی کرتے ہوئے اُن کی تہنیت کی گئی۔
مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما منکی جماعت المسلمین کے قاضی مولانا شکیل ندوی نے اس موقع پر پرمغز خطاب کرتے ہوئے مسجد کو تعمیر کرنے اور مسجد کو آباد کرنے کو ایمان کی علامت قرار دیتے ہوئے مسجدوں کو آباد کرنے کی فضیلت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان ہی کی امامت میں بعد میں ظہرکی نماز بھی پڑھی گئی، نماز کے فوری بعدایک اور مہمان خصوصی بھٹکل جامع مسجد کے خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے بہترین خطاب کرتے ہوئے مسجد کے آداب سمیت کئی ایک نصیحتوں سے نوازا۔ مولانا نے کہا کہ جب کسی کو اپنا مکان تعمیر کرنا ہو یا شاپنگ کامپلیکس تعمیر کرنا ہوتو وہ پہلے اچھی جگہ، اچھے لوکیشن کا انتخاب کرتا ہے، کسی کو کوئی عمارت تعمیر کرنا ہوتو پہلے اچھی اور مناسب جگہ کو تلاش کرتا ہے، تاکہ اُسے دنیوی فوائد حاصل ہوں، اسی طرح اللہ کا گھر تعمیر کرنے کے لئے بھی اللہ تعالیٰ خود بہترین جگہ کا انتخاب کرتے ہیں،مسجد جہاں پر تعمیر ہوتی ہے، اُن جگہوں پر کچھ خصوصیتیں ہوتی ہیں جو اللہ کو پسند آتی ہیں، اسی لئے اللہ تعالیٰ اپنا گھر بنانے کے لئے اُس بستی والوں کے دلوں میں وہ بات ڈالتے ہیں تاکہ فلاں جگہ پر میرا نام لیا جائے، میری عبادت کی جائے۔یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آنے والی چیزیں ہیں۔۔مولانا نے اُن لوگوں کو اللہ کا شکربجا لانے کی تلقین کی جن کے دلوں میں مسجد کی تعمیر کا خیال پیدا ہوا اور مسجد تعمیر کرنے کے لئے کچھ لوگ کھڑے ہوگئے۔ مولانا نے کہا کہ یہ اللہ کی بہت بڑی سعادت ہے ، جس نے کچھ لوگوں کے دلوں میں اپنا گھر تعمیرکرنے کا خیال پیدا کیا۔ (مولانا کا مکمل خطاب سماعت کرنے کے لئے یہاں کلک کریں)
سرلگی قدیم جامع مسجد کے صدر محمد یعقوب کے کلمہ تشکر کے بعد مولانا شکیل ندوی کی دُعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔ آخر میں سبھی مہمانان نیز حاضرین کے لئے دوپہر کی ضیافت کا بہترین انتظام کیا گیا تھا۔
پروگرام میں جامع مسجد سرلگی کے صدر سمیر خان، قدیم جامع مسجد کے سکریٹری امان اللہ عبدالغفور خان، اتحاد المسلمین سرلگی کے سکریٹری تبریز خان، گلف کمیٹی کے سابق صدراعجاز ابراہیم خان، ناصر خان، امداد علی سمیت اطراف کی جماعتوں کے کافی عہدیداران نیز ذمہ داران موجود تھے۔ پروگرام میں جناب جاوید صاحب بھی پیش پیش نظر آئے۔